سسر نے پہلی ملاقات پر حیران کن ردٍعمل کا اظہار کیا: شاہد کپور

—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ میرا راجپوت کے والد پہلی ملاقات کے دوران میرا حلیہ دیکھ کر کچھ دیر کے لیے حیران رہ گئے تھے۔

شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی اہلیہ میرا راجپوت اور بھائی و اداکار ایشان کھتر کے ہمراہ شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں شرکت کی ہے، جہاں انہوں نے میرا اور ان کے خاندان سے پہلی ملاقات کا دلچسپ واقعہ بیان کیا۔

اداکار کے مطابق جب میں پہلی مرتبہ میرا کے گھر والوں سے ملنے دہلی گیا تو اس وقت فلم ’اڑتا پنجاب‘ میں ٹامی سنگھ کا کردار ادا کر رہا تھا اور میرے بال سبز رنگ کے تھے، جب میرا کے والد نے دروازہ کھولا اور مجھے اس حلیے میں دیکھا تو وہ چند لمحوں کے لیے ساکت رہ گئے۔

شاہد کپور کا کہنا ہے کہ میرے سسر ایک انتہائی منظم شخصیت، انجینئر اور آئی آئی ٹی سے فارغ التحصیل ہیں، مجھے دیکھ کر میرا کے والد کے چہرے پر ایسے تاثرات تھے جیسے وہ سوچ رہے ہوں کہ اپنی بیٹی کس کے حوالے کر رہا ہوں، میں اس لمحے کو کبھی نہیں بھول سکتا۔

گفتگو کے دوران میرا راجپوت نے بھی شاہد کپور سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کیا اور بتایا کہ میری پہلی ملاقات تقریباً 7 گھنٹے جاری رہی۔

واضح رہے کہ شاہد کپور اور میرا راجپوت کی شادی 7 جولائی 2015ء کو ہوئی تھی، جوڑے کے ہاں 2016ء میں بیٹی میشا اور 2018ء میں بیٹے زین کی پیدائش ہوئی تھی۔