جرمن سپر ماڈل ہائیڈی کلوم نے ہالووین 2026ء کے موقع پر ایک بار پھر اپنے منفرد لباس سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
نیویارک میں منعقدہ اپنی سالانہ ہالووین پارٹی میں وہ دیوہیکل انسانی ہاتھ کا روپ دھار کر پہنچیں۔
فیشن میگزین ووگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ہائیڈی کلوم نے بتایا ہے کہ میں ہر سال ایسا منفرد روپ اختیار کرنا چاہتی ہوں جو اس سے پہلے کسی نے نہ دیکھا ہو، اس لباس کا خیال مجھے تقریباً 1 سال پہلے آیا تھا۔
خصوصی ایفیکٹس کے ماہر مائیک مارینو اور ان کی ٹیم نے ہائیڈی کے ہاتھ کا اسکین لے کر اس کی بڑی اور حقیقت سے قریب تر نقل تیار کی۔
لباس میں ہاتھ کی رگوں، پٹھوں، انگوٹھیوں اور انگلی پر موجود ٹیٹو تک کی باریک تفصیلات شامل کی گئیں۔
ہائیڈی کلوم کے مطابق اس لباس کی تیاری میں ایک بڑا چیلنج یہ بھی تھا کہ اسے اس انداز میں بنایا جائے کہ میں اسے پہن کر آسانی سے چل پھر سکوں۔
واضح رہے کہ ہائیڈی کلوم کی مشہور سالانہ ہالووین پارٹی کو اس سال 25 سال مکمل ہو گئے ہیں۔