شاہ رخ خان کا 61 ویں سالگرہ پر مداحوں کے نام ہاتھ سے لکھا خصوصی پیغام جاری

اداکار شاہ رخ خان—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان آج اپنی 61 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

اس موقع پر اداکار نے مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کے جواب میں ہاتھ سے لکھا خصوصی پیغام جاری کر دیا، تاہم وہ خود مداحوں سے ملاقات کے لیے گھر کی بالکونی میں نہیں آئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر آدھی رات کو ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ منّت کی بالکونی میں آ کر مداحوں کو ہاتھ ہلانے کا انداز گزشتہ کئی برسوں سے ایک روایت بن چکا ہے، تاہم رواں سال منت کی تزین و آرائش کے باعث سُپر اسٹار کی یہ روایت برقرار نہ رہ سکی۔

اس کے باوجود مداح اپنے پسندیدہ اداکار کو سالگرہ کی مبارک باد دینے کے لیے آدھی رات کو منّت کے باہر جمع ہو گئے۔

شاہ رخ خان نے بھی انہیں مایوس نہیں کیا اور خود سامنے آنے کے بجائے ہاتھ سے لکھے گئے خصوصی پیغام کے ذریعے ان کی محبت پر جواب دیا۔

شاہ رخ خان کی 61 ویں سالگرہ کی خوشیاں اس وقت مزید بڑھ گئیں جب ممبئی میں ان کی مشہور رہائش گاہ منّت کو ان کی آنے والی فلم کنگ کے بڑے بڑے مناظر اور تشہیری تصاویر سے سجا دیا گیا، رات گئے منّت کے باہر جمع ہونے والے مداحوں کو فلم کے خصوصی مناظر کے ساتھ اداکار کا پیغام بھی دیکھنے کو ملا۔

منّت کے باہر نصب ایک بڑے بل بورڈ پر شاہ رخ خان کا ہاتھ سے لکھا ہوا پیغام درج تھا، جس میں انہوں نے کہا کہ آپ سب کی نیک تمناؤں اور محبت کا شکریہ، میری جانب سے بھی آپ سب کے لیے ڈھیروں محبت۔

اداکار نے پیغام کے اختتام پر لکھا ہے کہ آپ کے لیے بہت ساری محبت اور ایک بڑی سی جپھی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے دستخط بھی کیے ہیں۔

بل بورڈ پر اداکار کی آنے والی فلم کنگ کے 2 ڈائیلاگ ’کنگ اکیلا کافی ہے‘ اور ’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘ بھی نمایاں تھے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم کنگ 24 دسمبر 2026ء کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، یوں یہ کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں شامل ہو گی۔