کامران اکمل کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ، جدید سہولتوں اور ترقیاتی کاموں کو سراہا

—فائل فوٹو

سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں اکیڈمی کے مختلف شعبوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور پلیئر ڈیولپمنٹ ماڈل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

کامران اکمل کو این سی اے میں ہونے والے ڈیولپمنٹ ورک اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے فراہم کی جانے والی جدید سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔ 

کامران اکمل نے باب ولمر انڈور اسکول میں نصب جدید بولنگ مشین کا بھی جائزہ لیا اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری اہم ترقیاتی کاموں کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ اب کام انتہائی پروفیشنل انداز میں ہو رہا ہے اور اس کے مثبت نتائج پاکستان کرکٹ کو حاصل ہوں گے، جب نوجوان کھلاڑیوں کو اس طرح کی سہولتیں اور سازگار ماحول میسر ہوگا تو وہ یہاں سے تربیت اور صلاحیتوں میں نکھار حاصل کرنے کے بعد ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کی سطح پر کھیلنے کے لیے جائیں گے۔

انہوں نے اکیڈمی میں بائیو مکینکس لیب کے قیام اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جدید ڈریسنگ رومز کی تعمیر کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ 

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ ہر سطح پر کام ہو رہا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس عمل میں بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے، پاکستان کرکٹ کو اس وقت ایسی ہی سہولتوں کی ضرورت تھی، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں 19 مختلف پچز تیار کی گئی ہیں، جو کھلاڑیوں کو مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے مواقع فراہم کریں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہر پیر کو پریکٹس کے لیے ایک نئی وکٹ تیار کی جاتی ہے، جو اگلے 5 روز تک کھلاڑیوں کو مختلف نوعیت کے تجربات فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ انڈر 15 کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے لیول ون کوچنگ کورس بھی متعارف کروایا گیا ہے تاکہ مستقبل کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان کوچز کی بھی تربیت کی جا سکے۔

عاقب جاوید نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بہت جلد ہائی پرفارمنس سینٹر پشاور کا بھی افتتاح کرے گا، جس سے ملک میں کرکٹ کے ڈھانچے اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔