معمر رانا کی اہلیہ نے عدالت کے ذریعے خلع لے لی

اداکار معمر رانا— فائل فوٹو

پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ نے لاہور کی فیملی عدالت کے ذریعے خلع لے لی۔

فیملی کورٹ نے مہناز معمر رانا کےحق میں خلع کی ڈگری جاری کر دی۔

مہناز معمر رانا کی جانب سے ان کی وکیل خدیجہ صدیقی نے عدالت میں دلائل دیے۔

فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے فیصلہ جاری کر دیا۔

اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران معمر رانا نے اہلیہ سے صلح کی امید و خواہش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ رشتہ ختم ہو۔

واضح رہے کہ معمر رانا نے اپنے کیریئر کے عروج پر 1998ء میں مہناز پرویز سے شادی کی تھی، ان کی 2 بیٹیاں ریا اور رانیہ ہیں۔