ورون دھون و کرن جوہر کے درمیان فلم کی ریلیز پر تنازع، رابطے منقطع ہونے کا انکشاف

—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

 بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ پر اختلاف کے باعث معروف فلم ساز کرن جوہر نے فون کالز اور پیغامات کا جواب دینا بند کر دیا تھا۔

ورون دھون نے جھانوی کپور کے ہمراہ ’کافی ود کرن‘ کے ایک حالیہ شو میں شرکت کے دوران کرن جوہر کے ساتھ اپنے اختلافات پر گفتگو کی۔

39 سالہ اداکار نے مذاقاً کہا کہ اس کمرے میں 2 ایسے افراد موجود ہیں جن سے کرن جوہر نے بات کرنا چھوڑ دی تھی اور انہیں نظر انداز کرنا شروع کر دیا تھا۔

ورون کے مطابق جھانوی کپور کو معلوم تھا کہ کرن مجھ سے ناراض ہیں، تاہم انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ فلم ساز ان سے بھی خفا ہیں۔

اس موقع پر جھانوی نے یاد دلایا کہ ورون نے کرن جوہر کو بچہ بھی کہا تھا، جس پر اداکار نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات پر ناراض ہونے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

کرن جوہر نے اختلاف کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں اپنی فلم کی ریلیز کے لیے پہلے ہی مناسب تاریخ تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہا تھا، ایسے میں ورون دھون کی فلم بھی اسی تاریخ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کرن کے مطابق ورون نے پہلے مجھے بتایا تھا کہ ممکن ہے ان کی فلم اسی تاریخ کو ریلیز ہو، تاہم انہوں نے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا، جب دونوں فلموں کی ریلیز ایک ہی دن طے ہوئی تو میں نے ورون کی کالز اور پیغامات کا جواب دینا بند کر دیا۔

کرن جوہر نے بتایا کہ مجھے سب سے زیادہ غصہ اس وقت آیا جب ورون نے پیغام بھیج کر مجھے بچکانہ حرکتیں بند کرنے کا کہا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں نے واضح کیا کہ اب ہمارے درمیان تمام اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور تعلقات معمول کے مطابق ہیں۔