سائی پلوی نے جیون ساتھی کی خوبیاں گنوا دیں

بھارتی اداکارہ سائی پلوی—فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ سائی پلوی نے اپنے جیون ساتھی میں متعدد خوبیاں ہونے کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی ٹی وی پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کے خصوصی دیوالی شو میں سائی پلوی اپنے فلمی ساتھی اداکاروں رنبیر کپور اور روی دوبے کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں میزبان امیتابھ بچن نے سائی سے پوچھا کہ وہ اپنے جیون ساتھی میں کون سی خوبیاں چاہتی ہیں؟

سائی پلوی نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ میرے جیون ساتھی کا سب سے پہلے اچھا انسان ہونا ضروری ہے، وہ خود غرض نہ ہو بلکہ اپنے رویے اور اعمال کا جائزہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہو، اپنی غلطیوں کو تسلیم کرے اور انہیں درست کرنے کی کوشش کرے اور اپنی غلطیوں کا ذمے دار دوسروں کو نہ ٹھہرائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرا جیون ساتھی کھانا پکانا بھی جانتا ہو تو یہ ایک اضافی خوبی ہو گی۔

پروگرام کے ایک تشہیری کلپ میں سائی پلوی نے فلم رامائن میں سیتا کا کردار ملنے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ میں کردار ادا کرنے سے پہلے زیادہ سوچ بچار نہیں کرنا چاہتی تھی بلکہ یہ جاننا چاہتی تھیں کہ اس کردار سے مجھے کیا سیکھنے کو ملے گا۔

فلم رامائن کی تیاری اور بجٹ

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم رامائن کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا کا کہنا ہے کہ فلم کے دونوں حصوں کی تیاری پر تقریباً 500 ملین ڈالرز یعنی 4,000 کروڑ بھارتی روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم بڑے بجٹ کے باوجود ہالی ووڈ کی بڑی فلموں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں تیار کی جا رہی ہے۔

فلم 2 حصوں میں ریلیز کی جائے گی، پہلا حصہ دنیا بھر میں 5 نومبر 2026ء کو جبکہ دوسرا حصہ دیوالی 2027ء کے موقع پر ریلیز ہو گا۔