چہرے کے دانوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی ہوں: سائی پلوی

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی اداکارہ سائی پلوی نے ماضی میں جِلد پر کیل مہاسوں اور سرخی کی بیماری (Roscea) سے متعلق اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کی جانب سے مجھے میری اصل شکل میں قبول کیے جانے سے میری خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔

معروف ساؤتھ انڈین اداکارہ سائی پلوی اپنی قدرتی جِلد اور چہرے کے کیل مہاسوں کو چھپائے بغیر فلموں میں کام کرنے کے لیے مشہور ہیں۔

سائی پلوی فلمی دنیا کی ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے خوبصورتی کے مصنوعی معیارات کو توڑ کر بغیر میک اپ کے اسکرین پر آنے کا فیصلہ کیا اور لاکھوں لوگوں کو اپنی جلد کو قبول کرنے کا حوصلہ دیا۔

اداکارہ سائی پلوی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ماضی میں، میں اپنے چہرے کے دانوں کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ اور احساسِ کمتری کا شکار رہی ہوں، میں خود کو اتنا غیر محفوظ محسوس کرتی تھی کہ چہرے پر دانوں اور لالی کی وجہ سے گھر سے باہر نکلنے سے بھی کتراتی تھی کیونکہ لوگ میری آنکھوں کے بجائے میرے دانوں کو دیکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’پریمم‘ میں بغیر میک اپ کے کردار ادا کیا تو مداحوں نے میرے چہرے کے کیل مہاسوں کے باوجود مجھے بے پناہ پیار دیا، مداحوں کی جانب سے اس قبولیت نے میرا یہ نظریہ بدل دیا کہ اصل خوبصورتی چہرے کی بے، داغ رنگت میں نہیں بلکہ خود اعتمادی میں ہے۔

سائی پلوی کی اسکن کیئر روٹین کیا ہے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق سائی پلوی اپنی جلد کو صاف رکھنے کے لیے انتہائی سادہ اور قدرتی طریقے اپناتی ہیں، وہ میک اپ سے پرہیز کرتی ہیں۔

سائی پلوی نے بھی ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ میں گھریلو اور قدرتی نسخوں کا استعمال کرتی ہوں تاکہ میری حساس جلد کیمکل سے دور رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چہرے پر سوزش اور دانوں کو کم کرنے کے لیے میں اکثر ہلدی، شہد اور دہی کا فیس پیک استعمال کرتی ہوں، دن بھر میں ایک بار مائیلڈ کلینزنگ، ٹونر، موئسچرائزر اور سن اسکرین کا استعمال لازمی کرتی ہوں۔