بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے کینیا کے علاقے ماسائی مارا کے جنگل میں 3 شیروں کی موجودگی کے دوران عالیہ بھٹ کو شادی کی پیشکش کی تھی۔
رنبیر کپور نے یہ دلچسپ واقعہ پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ میں سنایا، جہاں وہ فلم ’رامائن‘ کی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔
پروگرام میں رنبیر کپور نے بتایا کہ میں نے اپنے گائیڈ، جو ڈرائیور بھی تھے، انہیں پہلے ہی ہدایت دے دی تھی کہ وہ جنگل کے درمیان کسی مقام پر گاڑی روکیں، میں اپنے ساتھ انگوٹھی بھی لے گیا تھا اور میرا منصوبہ تھا کہ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر عالیہ کو شادی کی پیشکش کروں۔
میزبان امیتابھ بچن نے اس موقع پر مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ اس لمحے کا ثبوت بھی ہونا چاہیے۔
رنبیر نے بتایا کہ ایک طرف تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر 3 شیر موجود تھے، جبکہ میری ’شیرنی‘ عالیہ سامنے کھڑی تھیں اور میں خود گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ان سے پوچھ رہا تھا کہ کیا وہ مجھ سے شادی کریں گی؟
رنبیر کے مطابق یہ میری زندگی کا ایک نہایت خوبصورت لمحہ تھا جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی دوستی فلم ’براہمسترا‘ کے دوران 2018ء میں محبت میں بدلی تھی۔
رنبیر نے 2022ء میں عالیہ کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس کے بعد دونوں نے 14 اپریل 2022ء کو ممبئی میں اپنے گھر پر شادی کی تھی۔