پاکستانی گانے ’الفاظ‘ نے عالمی میوزک پلیٹ فارم اسپاٹیفائی کے ٹاپ 50 گلوبل چارٹ میں جگہ بنا لی ہے، جہاں یہ دنیا کے نامور گلوکاروں کے گانوں کے ساتھ شامل ہو گیا ہے۔
زین علی، ذوہیب علی اور حمزہ ملک کا گانا ’الفاظ‘ بدھ کے روز عالمی چارٹ پر 39 ویں نمبر پر رہا، جبکہ اس سے ایک درجہ اوپر دی ویکنڈ اور جینی کا گانا ’ون آف دی گرلز‘ موجود تھا۔
اسی چارٹ میں اولیویا روڈریگو چھٹے، جسٹن بیبر اور نکی مناج 15 ویں، ہیری اسٹائلز 28 ویں اور مائیکل جیکسن 34 ویں نمبر پر تھے۔
اردو اور پنجابی زبان پر مشتمل یہ گانا مسلسل مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور اسپاٹیفائی کے پاکستان اور بھارت کے ٹاپ 50 چارٹس میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر چکا ہے۔
’الفاظ‘ نے برطانیہ کے آفیشل ایشین میوزک چارٹ پر بھی دوسری پوزیشن حاصل کی، جہاں بھارتی فنکاروں کے گانوں کی نمایاں موجودگی ہے، اس کامیابی کے دوران گانے نے ایم ایکس آر سی آئی اور کرن اوجلا کے گانے ’اسٹریٹ اپ‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
گانے کی تیاری میں شامل اسٹوڈیو ’جراف‘ نے اس کامیابی کو پاکستانی گانے کے لیے غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس بات کی مثال ہے کہ جب کسی گانے کو اس کے سننے والے مل جائیں تو وہ کس قدر دور تک پہنچ سکتا ہے۔
گزشتہ سال شہریار ریحان اور زوہا وسیم کا گانا ’مجبور‘ بھی اسپاٹیفائی کے پاکستانی چارٹ میں پہلے نمبر پر آیا تھا، جبکہ بھارت میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔
اسٹوڈیو کے مطابق دونوں گانے مختلف فنکاروں اور الگ انداز کی نمائندگی کرتے ہیں، تاہم ان کی کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ معیاری موسیقی کس طرح نئے سامعین تک پہنچ سکتی ہے۔