میں نے ابتداء میں کئی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا: منوج واجپائی

منوج باجپائی—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے کیریئر کے ابتدائی دور میں کئی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، کیونکہ مجھے اپنی پسند کے کردار نہیں مل رہے تھے۔

اداکار کو 1998ء میں رام گوپال ورما کی فلم ’ستیا‘ میں گینگسٹر کا کردار ادا کرنے کے بعد بڑی کامیابی ملی تھی۔ 

57 سالہ منوج باجپائی نے حالیہ گفتگو میں اپنے کیریئر کے مشکل دور اور اس میں تبدیلی لانے والے فلم سازوں کے حوالے سے بھی بات کی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ ان فلموں سے پہلے میرے کیریئر میں ایک ایسا وقت آیا جب مجھے اپنی پسند کا کام نہیں مل رہا تھا، میں زیادہ تر فلموں کو مسترد کر رہا تھا اور لوگوں کو انکار کر دیتا تھا، جبکہ جن فلموں میں کام کرنے کے لیے رضامند ہوتا، ان سے بھی مطمئن نہیں تھا۔

انٹرویو کے دوران منوج باجپائی نے بتایا کہ فلم ساز نیرج پانڈے، پرکاش جھا اور انوراگ کشیپ سے ملاقاتوں نے میرے کیریئر کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ’اے وینزڈے‘ دیکھنے کے بعد میری نیرج پانڈے سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں نے سنیما اور فلم سازی کے بارے میں گفتگو کی، نیرج پانڈے نے مجھے اپنے فلمیں بنانے کے انداز کے بارے میں بتایا۔

منوج باجپائی کے مطابق اسی عرصے میں میری پرکاش جھا سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ انوراگ کشیپ کے ساتھ بھی میری گفتگو جاری تھی، ان ملاقاتوں کے تقریباً 1 سال بعد مجھے ان فلموں میں کام کرنے کے مواقع ملنا شروع ہوئے جنہوں نے میرے کیریئر کو نئی سمت دی۔

واضح رہے کہ منوج باجپائی حال ہی میں ہدایت کار رتیش شاہ کی فلم ’گجب رات‘ میں نظر آئے، جس کا پریمیئر 23 اکتوبر کو نیٹ فلکس پر ہوا ہے۔