عمران ہاشمی کا گھر بھی ملزمان کی ریکی فہرست میں شامل ہونے کا انکشاف

—فائل فوٹو

بھارتی اداکار ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں اداکار عمران ہاشمی کی رہائش گاہ کا بھی سراغ لگانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے عمران ہاشمی کے گھر کی ریکی کرنے کا منصوبہ بنایا، تاہم وہ درست مقام تلاش کرنے میں ناکام رہے، ممبئی کرائم برانچ اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

تحقیقاتی حکام کو شبہ ہے کہ گروہ کے مختلف ارکان کو الگ الگ ذمے داریاں سونپی گئی تھیں، جن میں مقامات کی نشاندہی اور اسلحے کا انتظام شامل تھا۔

رپورٹ کے مطابق کنال نامی شخص نے مبینہ طور پر بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر سے اسلحہ فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا۔

تحقیقات میں رادھا اور ببیتا نامی 2 خواتین کی نقل و حرکت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جو مبینہ طور پر 15 اکتوبر کو ممبئی پہنچی تھیں اور دادر ایسٹ کے ایک گیسٹ ہاؤس میں انہوں نے قیام کیا تھا، مبینہ حملہ آور ریحان نے ان خواتین سے اسلحہ حاصل کیا، جس کے بعد وہ 18 اکتوبر کو دہلی روانہ ہو گئیں۔

پولیس خواتین کے موبائل فونز کے ڈیٹا کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انہوں نے دیگر معروف شخصیات سے متعلق مقامات کا بھی دورہ کیا تھا اور وہاں سے حاصل کردہ معلومات ملزمان کے ساتھ شیئر کی گئی تھیں یا نہیں۔

تحقیقات کے دوران ہوٹلوں میں کمرے بک کرانے کے لیے مبینہ طور پر جعلی آدھار کارڈز، فرضی ناموں اور جعلی دستخطوں کے استعمال کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، پولیس نے ہوٹلوں کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔

حکام ملزمان کے موبائل فونز سے ملنے والے واٹس ایپ پیغامات اور آڈیو ریکارڈنگز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس ملزمان کے انفرادی کردار اور ممکنہ طور پر سہولت کاری یا مالی معاونت فراہم کرنے والے دیگر افراد کی شناخت کی کوشش بھی کر رہی ہے، تحقیقات میں دیگر ممکنہ حملوں سے روابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔