وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے سائبر کرائم میں شکایت کیوں درج کرائی؟

اداکارہ  رشمیکا منڈانا اور اداکار وجے دیوراکونڈا — فائل فوٹو

جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور فنکار جوڑی رشمیکا منڈانا اور وجے دیوراکونڈا کی ٹیم نے گمراہ کن آن لائن مواد کے خلاف حیدرآباد سائبر کرائم میں شکایت درج کرا دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشمیکا اور وجے کی ٹیم نے متعلقہ لنکس اور شواہد بھی حکام کے حوالے کر دیے ہیں۔

ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہمارے ایک نمائندے نے ذاتی طور پر متعلقہ حکام کو شکایت جمع کروا دی ہے، جس میں آن لائن گردش کرنے والے مخصوص مواد کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شکایت میں سوشل میڈیا کی متعدد پوسٹس اور ڈیجیٹل اشاعتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں مبینہ طور پر جھوٹے بیانیے، من گھڑت مواد، ردوبدل کیے گئے اسکرین شاٹس، کسی دوسرے کی شناخت اختیار کرنے اور مخصوص افراد کو آن لائن ہراساں کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹیم آزادیٔ اظہار، انفرادی آراء اور تنقید کا احترام کرتی ہے، تاہم اپنی رائے کا اظہار کرنے اور من گھڑت یا گمراہ کن دعوؤں کو حقیقت بنا کر پیش کرنے میں واضح فرق ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس معاملے کی قانون کے مطابق تحقیقات کی جائیں گی۔

ٹیم نے کہا ہے کہ اگر شواہد سے یہ ثابت ہوا کہ گمراہ کن بیانیے جان بوجھ کر تیار کر کے پھیلائے گئے، یا اس مقصد کے لیے منظم یا معاوضے پر مبنی مہمات چلائی گئیں، تو ایسے اقدامات کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔

ٹیم نے سوشل میڈیا صارفین پر بھی زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ دعوے شیئر کرتے وقت احتیاط کریں اور قیاس آرائیوں کو ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش کرنے سے گریز کریں۔

بیان کے اختتام پر ٹیم نے کہا کہ وہ قانونی ذرائع کے ذریعے وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی عزت اور ساکھ کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں دونوں فنکاروں نے پروگرام ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں شرکت کی تھی، جس کے بعد سے انہیں آن لائن ٹرولنگ کا سامنا ہے۔