خاندان نے مجھ پر اولاد نہ ہونے کی وجہ سے کبھی دباؤ نہیں ڈالا: جواد احمد

گلوکار جواد احمد — فائل فوٹو

پاکستان کے معروف گلوکار جواد احمد نے اپنی ازدواجی زندگی، اولاد نہ ہونے اور معاشرتی دباؤ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خاندان نے کبھی مجھ پر اولاد نہ ہونے کی وجہ سے دباؤ نہیں ڈالا۔

حالیہ گفتگو کے دوران گلوکار نے ایک سے زائد شادیوں کے موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

انہوں نے اولاد نہ ہونے کے معاملے پر بھی بات کی اور بتایا کہ اس صورتِ حال کے حوالے سے ان کے اپنے احساسات کیا رہے ہیں، ان کے خاندان کا ردعمل کیسا تھا اور وہ صرف اولاد کی خاطر دوسری شادی کرنے کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔

جواد احمد کے مطابق میرا خاندان ترقی پسند سوچ کا حامل رہا ہے، اسی لیے مجھے کبھی والدین یا خاندان کی جانب سے اولاد نہ ہونے پر کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اس صورتِ حال کو اپنے لیے مسئلہ نہیں سمجھا، تاہم گلوکار نے اس معاشرتی رویے کی جانب بھی توجہ دلائی جس کے تحت بعض مرد پہلی شادی سے اولاد نہ ہونے کی صورت میں دوسری شادی کر لیتے ہیں۔

گلوکار نے کہا کہ اگرچہ مردوں کو ایک سے زائد شادیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے، لیکن میرے خیال میں 2 خواتین کے درمیان مکمل انصاف کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

انہوں نے اس بنیاد پر اپنی رائے کا اظہار کیا کہ لوگوں کو ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کے بجائے ایک ہی ازدواجی رشتے کو نبھانے اور اسی کے ساتھ زندگی گزارنے کو ترجیح دینی چاہیے۔