ہالی ووڈ کی سابق جوڑی جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک کے دوبارہ قریب آنے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کے بعد مداحوں میں دونوں کے دوبارہ رشتہ قائم کرنے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
امریکی جریدے اوکے میگزین کے مطابق ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ایک بار پھر ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اور زندگی کے مشکل حالات میں جذباتی طور پر ایک دوسرے کا سہارا بن رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بین ایفلیک رواں سال اپنی والدہ کرس این اور والد ٹموتھی کو کھونے کے باعث مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ان کے والد لبلبے کے سرطان کے باعث اپریل میں انتقال کر گئے تھے، جبکہ والدہ جون میں چل بسی تھیں۔
دوسری جانب جینیفر لوپیز کے جڑواں بچے میکس اور ایمے تعلیم کے لیے کالج چلے گئے ہیں، جس کے بعد وہ گھر میں بچوں کے بغیر زندگی گزارنے کی عادی ہو رہی ہیں۔
جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک کی محبت کا آغاز 2002ء میں فلم گگلی کی شوٹنگ کے دوران ہوا تھا، دونوں نے جلد ہی منگنی کر لی، تاہم 2003ء میں ان کی شادی ملتوی ہو گئی اور 2004ء میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کر لیں۔
بعد ازاں جینیفر لوپیز کی الیکس روڈریگز سے منگنی ختم ہونے کے بعد 2021ء میں بین ایفلیک نے مبینہ طور پر رومانوی ای میلز کے ذریعے دوبارہ ان کا دل جیت لیا، جس کے نتیجے میں دونوں کا تعلق پھر سے قائم ہوا، ان کی اس دوسری محبت کو ’بینفر 2.0‘ کا نام دیا گیا۔
دونوں نے 2022ء میں شادی کی، تاہم جینیفر لوپیز نے اگست 2024ء میں طلاق کے لیے درخواست دائر کر دی۔
مارچ میں پروگرام گڈ مارننگ امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے جینیفر لوپیز نے بتایا تھا کہ میں نے دوروں کو منسوخ کیا، ایک سال کا وقفہ لیا اور اپنے تجربات سے فرار ہونے کے بجائے ان پر غور کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی دوسرے شخص کو اس صورت حال کا ذمے دار نہیں ٹھہرا سکتی، کیونکہ اصل سبق کچھ اور تھا۔
دوسری جانب بین ایفلیک نے اپریل 2025ء میں جریدے جی کیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری علیحدگی میں نہ کوئی اسکینڈل تھا، نہ کوئی ڈرامائی صورت حال اور نہ ہی کوئی خفیہ معاملہ، دونوں افراد اپنی زندگی اور تعلقات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق سابق جوڑی اس وقت دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے اور زندگی کے اہم مواقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دے رہی ہے۔