انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ عائشہ ظفر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، 10 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق 14 رکنی اسکواڈ میں ایشین گیمز میں برانز میڈل جیتنے والی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ صدف شمس اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء بگ بیش لیگ میں شرکت کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
اسکواڈ میں کپتان منیبہ علی، نائب کپتان عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرے گی جو 2025ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم گروپ بی میں بنگلادیش، تھائی لینڈ، نیدر لینڈز اور زمبابوے کے ساتھ شامل ہے جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان ویمن اسکواڈ 6 نومبر کو لاہور میں اکٹھا ہو گا، عجمان روانگی سے قبل 7 سے 9 نومبر تک تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔
ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں مینٹور وہاب ریاض، منیجر عائشہ ظفر، بیٹنگ کوچ عمران فرحت، اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمٰن، فاسٹ بولنگ کوچ عمید آصف اور فیلڈنگ کوچ عبدالحمید شامل ہیں۔