آسٹریا کا قومی دن جوش و خروش سے منایا گیا، سرکاری عمارتوں کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے

آسٹریا میں پیر 26 اکتوبر 2026ء کو قومی دن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 

دارالحکومت ویانا میں مرکزی تقریبات کے دوران آسٹریا کی تاریخ قومی خودمختاری، مستقل فوجی غیر جانب داری اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ صدرِ مملکت، وفاقی حکومت اور مختلف سرکاری اداروں کی تقریبات کے ساتھ عوام اور بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔

ویانا کے تاریخی ہیروز پلاٹز پر مرکزی تقریب منعقد ہوئی جہاں صدرِ آسٹریا الیگزینڈر فان ڈیر بیلن، وفاقی چانسلر کرسٹیان اسٹوکر، ویانا کے میئر مائیکل لُڈوِگ اور وزیرِ دفاع کلاڈیا ٹینر سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات نے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی۔ صدر اور حکومت نے بیرونی قلعے کے دروازے (Äußeres Burgtor) کے قریب یادگاری پھولوں کی چادر چڑھا کر جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں اور مزاحمت کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کا اہم حصہ 1,200 نئے فوجی اہلکاروں کی حلف برداری تھا۔ اس موقع پر یوروفائٹر جنگی طیاروں اور سی 130 ہرکولیس طیارے نے فضائی مظاہرہ کیا، جبکہ پیراشوٹ جمپ، ٹینکوں، فوجی ہیلی کاپٹروں، فوجی کتوں اور دیگر دفاعی صلاحیتوں کے مظاہروں نے عوام کی توجہ حاصل کی۔ پارلیمنٹ اور سرکاری اداروں کے دروازے کھول دیے گئے۔

قومی دن کے موقع پر آسٹرین پارلیمنٹ، صدارتی دفتر، وفاقی چانسلر آفس اور مختلف وزارتوں نے عوام کے لیے اپنے دروازے کھول دیے۔ پارلیمنٹ میں شہریوں کو اجلاس کے ہال دیکھنے منتخب نمائندوں سے تبادلۂ خیال کرنے اور بچوں کے خصوصی پروگراموں میں شرکت کا موقع ملا۔ وفاقی چانسلر آفس میں بھی عوام کے لیے خصوصی دوروں اور حکومتی نمائندوں سے ملاقات کے انتظامات کیے گئے۔

ویانا کے سٹی ہال اسکوائر پر سکیورٹی فیسٹیول میں پولیس، فائر بریگیڈ، ریسکیو اور دیگر امدادی اداروں نے اپنے فرائض اور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ پولیس اور ریسکیو کتوں کی کارکردگی، ہنگامی امداد کی مشقوں اور بچوں کے لیے سرگرمیوں نے خصوصی دلچسپی پیدا کی۔

آسٹریا کی دیگر ریاستوں میں بھی قومی دن کے سلسلے میں مختلف ثقافتی اور عوامی پروگرام منعقد کیے گئے، جبکہ متعدد سرکاری عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں نے خصوصی سہولتیں اور مفت داخلے کی پیشکش کی۔

قومی دن کا پیغام: آسٹریا ہر سال 26 اکتوبر کو اپنی خودمختاری اور مستقل فوجی غیر جانب داری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 26 اکتوبر 1955ء کو پارلیمنٹ نے غیر جانب داری کا آئینی قانون منظور کیا تھا، جبکہ 1965ء میں اس تاریخ کو باضابطہ قومی دن قرار دیا گیا۔