بالی ووڈ میوزک پروجیکٹ میں گلوکارہ شلپا راؤ کا مائیک بند کر دیا گیا

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ کی ممبئی میں منعقدہ بالی ووڈ میوزک پروجیکٹ میں پرفارمنس مبینہ طور پر اچانک روک دی گئی، جس پر مداحوں نے تقریب کے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریب میں تقریباً 2 گھنٹے کی تاخیر کے بعد شلپا راؤ کو اپنا طے شدہ پروگرام مکمل کرنے سے پہلے ہی پرفارمنس ختم کرنے کو کہا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب سے وابستہ ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ گلوکارہ کو پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا کہ ان کے پروگرام کا دورانیہ کم کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق شلپا راؤ جب پرفارمنس ختم کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کی کوشش کر رہی تھیں تو ان کا مائیک بند کر دیا گیا، جس پر وہاں موجود افراد نے ناراضی کا اظہار کیا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے گلوکارہ کی حمایت کرتے ہوئے منتظمین کے رویے پر سوالات اٹھا دیے۔

واضح رہے کہ شلپا راؤ بالی ووڈ کے مقبول گانوں ’بلّے یا‘، ’گھنگرو‘ اور ’چلیّا‘ کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔