ظاہری کامیابیاں پُرسکون زندگی کی ضمانت نہیں: توثیق حیدر

اداکار توثیق حیدر—فائل فوٹو

پاکستانی اداکار اور میزبان توثیق حیدر نے خوشی اور قلبی اطمینان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں جن چیزوں کو زندگی کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے، ان سب کا حصول بھی لازماً پُرسکون زندگی کی ضمانت نہیں ہوتا۔

حال ہی میں گفتگو کے دوران توثیق حیدر نے نشاندہی کی کہ کسی شخص کے پاس محبت کرنے والا خاندان، بچے، اچھی صحت، مالی استحکام اور آرام دہ گھر موجود ہو سکتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ حقیقی خوشی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ذہنی سکون کا تعلق مادی حالات کے مقابلے میں انسان کی اندرونی کیفیت سے زیادہ ہوتا ہے۔

اپنے حلقہ احباب کی مثالیں دیتے ہوئے توثیق حیدر نے ایسے دوستوں اور رشتہ داروں کا ذکر کیا جن کی اولاد نہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنی زندگی پر بے حد شکر گزار اور مطمئن ہیں۔

انہوں نے ایسے افراد کے احساسِ تشکر اور قناعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رویّہ اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ ان کے بامعنی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔

اداکار نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ معاشرہ اکثر انسان کی زندگی کو شادی، والدین بننے اور خاندانی ڈھانچے جیسے مراحل کے پیمانے پر پرکھتا ہے، جبکہ کوئی شخص شادی شدہ ہو یا غیر شادی شدہ، اس کی اولاد ہو، اسے طلاق کا سامنا کرنا پڑے یا پھر کم عمری میں ہی شریک حیات اس دنیا سے چلا جائے، یہ حالات اس کی خوشی کی سطح کا تعین نہیں کرتے۔

انہوں نے زور دیا کہ ظاہری کامیابیوں اور ذاتی حالات کو کامیاب زندگی کا حتمی پیمانہ نہیں سمجھنا چاہیے۔

توثیق حیدر کے نزدیک حقیقی اطمینان انسان کے دل و دماغ کی کیفیت اور ان نعمتوں کی قدر کرنے کی صلاحیت سے پیدا ہوتا ہے جو اسے پہلے ہی حاصل ہیں۔