بھارتی پلاسٹک سرجن نے بالی ووڈ کے 10 فنکاروں کی کاسمیٹک سرجری کا بھانڈا پھوڑ دیا

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ میں خوبصورتی بڑھانے اور بڑھتی عمر کے اثرات سے بچنے کے لیے کاسمیٹک سرجریز اور ظاہری حسن کے لیے مختلف علاج کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق کئی اداکار اپنی ظاہری شکل بہتر بنانے کے لیے سرجری، ہونٹوں کے انجیکشن، بوٹوکس اور دیگر طریقۂ علاج کروانے کا اعتراف کر چکے ہیں۔

بھارتی ایستھیٹک پلاسٹک سرجن ڈاکٹر آکانکشا اگروال نے انکشاف کیا ہے کہ میرے پاس اکثر اوقات فنکار یہ سمجھے بغیر علاج کروانے پہنچ جاتے ہیں کہ انہیں کس طریقۂ علاج کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بالی ووڈ کے 10 ایسے فنکاروں سے متعلق بات کی ہے جنہوں نے ظاہری خوبصورتی بڑھانے کے لیے ایستھیٹک خدمات حاصل کیں اور ان کا عوامی سطح پر اعتراف بھی کیا۔

پریانکا چوپڑا

پریانکا چوپڑا کاسمیٹک سرجریز سے پہلے اور بعد میں—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

بھارتی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اپنا چہرہ خوبصوت بنانے کے لیے پریانکا چوپڑا نے بھی پلاسٹک سرجری کا سہارا لیا ہے، پریانکا کی ناک میں پولیپ نکالنے کے طبی عمل کے بعد اداکارہ کی ناک کی شکل متاثر ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اصلاحی سرجری بھی کروانا پڑی۔

آکانکشا کے مطابق پریانکا چوپڑا لپ فلرز اور اسکن وائٹننگ ٹریٹمنٹ بھی کروا چکی ہیں۔

شلپا شیٹی

شلپا شیٹی، بائیں جانب ماضی کی تصویر—فائل فوٹوز

پلاسٹک سرجن ڈاکٹر آکانکشا اگروال نے بتایا کہ شلپا شیٹی نے ناک کی سرجری کروانے کا اعتراف کیا تھا، ان کی ناک کی سرجری کے ذریعے ساخت یا شکل تبدیل کی گئی ہے، بعض صورتوں میں سانس لینے کے مسائل بھی دور کیے جاتے ہیں۔

انوشکا شرما

انوشکا شرما اور شروتی ہاسن—فائل فوٹوز

انوشکا شرما نے فلم بمبئی ویلوٹ کے دوران اپنے ہونٹوں کی ظاہری شکل میں تبدیلی کے حوالے سے وضاحت کی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ فلم کے لیے ہونٹوں کو نمایاں کرنے کی تکنیک استعمال کی گئی تھی۔

پلاسٹک سرجن کے مطابق ہونٹوں کی خوبصورتی کے لیے میک اپ اور عارضی انجیکشن سمیت مختلف طریقے استعمال ہوتے ہیں جن کے نتائج اور خطرات الگ الگ ہیں اور یہ انجیکشنز فنکاروں میں بہت مشہور ہیں۔

شروتی ہاسن

پلاسٹک سرجن کے مطابق شروتی ہاسن نے بھی ناک کی سرجری اور فلرز کروا رکھے ہیں، ناک کی سرجری جسمانی ساخت میں تبدیلی کرتی ہے جبکہ فلرز جلد کے نیچے انجیکشن کے ذریعے حجم بڑھانے اور چہرے کی ساخت بہتر بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

خوشی اور جھانوی کپور

ادکارہ بہنیں خوشی اور جھانوی کپور—فائل فوٹو

سرجن کے مطابق خوشی کپور نے بھی ناک کی سرجری اور ہونٹوں کے فلرز کروائے ہیں جس کے نتیجے میں ان کے چہرے کا ظاہری حسن مکمل طور پر بدل گیا ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق ان کی بہن جھانوی کپور بھی ناک کی سرجری، ہونٹوں پر فلرز اور رنگ گورا کرنے کے ٹریٹمنٹس کروا چکی ہیں۔

ریمی سین

ریمی سین، بائیں تصویر کاسمیٹک سرجری سے پہلے کی ہے—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پلاسٹک سرجن کے مطابق ریمی سین نے بوٹوکس، فلرز اور خون سے حاصل ہونے والے پلیٹ لیٹس کے ذریعے علاج کروایا ہے، پلیٹ لیٹس سے علاج کے نتیجے میں جلد کئی سال جواں اور ترو تازہ نظر آتی ہے۔

راج کمار راؤ

اداکارہ راج کمار راؤ سرجری کے بعد بائیں جانب اداکار کی ماضی کی تصویر—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

راج کمار راؤ نے چہرے کی ظاہری تبدیلیوں سے متعلق قیاس آرائیوں کے دوران ماضی میں تھوڑی کے فلرز کروانے کا اعتراف کیا تھا تاہم سرجن کا کہنا ہے کہ اداکار نے کوئی میجر یا خاص سرجری نہیں کروائی ہے۔

عرفی جاوید

اداکارہ عرفی جاوید—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ڈاکٹر آکانکشا کے مطابق عرفی جاوید نے ہونٹوں کے فلرز کروائے تھے، بعد ازاں انہوں نے یہ فلرز ختم کروا دیے اور دوبارہ ہونٹوں کے علاج پر غور کر رہی ہیں۔

کوئینا مترا

اداکارہ کوئنا مترا—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پلاسٹک سرجن کا کہنا ہے کہ کوئینا مترا نے ناک کی سرجری اور اس کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی تھی۔

راکھی ساونت

اداکارہ راکھی ساونت پلاسٹک سرجریز سے پہلے اور بعد میں—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

ڈاکٹر آکانکشا نے کہا ہے کہ بالی ووڈ کی معروف سیلیبرٹی راکھی ساونت نے مختلف کاسمیٹک سرجریز کروا رکھی ہیں اور اداکارہ اس بات کا اعتراف بھی کر چکی ہیں۔