عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو اسپین کے باوقار’پرنسز آف آسٹوریاس ایوارڈ 2026ء‘ سے نواز دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایوارڈ کی تقریب 23 اکتوبر کو اسپین کے شمالی علاقے آسٹوریاس کے دارالحکومت اوویئدو میں منعقد ہوئی، جہاں اسپین کے تخت کی وارث شہزادی لیونور نے لیونل میسی کو یہ اعزاز پیش کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ1981ء میں قائم ہونے والے پرنسز آف آسٹوریاس ایوارڈز فنون، سائنس، کھیل اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیے جاتے ہیں، اس اعزاز کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی دی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے سابق فٹبالر کو اس ایوارڈ کے لیے رواں سال جون میں منتخب کیا گیا تھا۔
جیوری نے اس ایوارڈ کے لیے لیونل میسی کا انتخاب ان کے شاندار فٹبال کیریئر اور مستحق بچوں کو صحت و تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے فلاحی خدمات کے اعتراف میں کیا ہے۔
اسپین میں منعقد کی گئی اس تقریب میں ارجنٹینا کی جرسی پہنے درجنوں مداحوں نے لیونل میسی کا پرتپاک استقبال کیا، نعرے لگائے گئے اور ان کی آمد پر روایتی موسیقی اور ڈھول کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
شہزادی لیونور نے میسی کے کیریئر کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کو معمول بنایا اور کھیل کے دوران چند لمحوں میں درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، انفرادی شہرت کے بجائے ٹیم ورک کو اہمیت دی۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کے سابق فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال ہسپانوی کلب بارسلونا کے ساتھ گزارے جہاں انہوں نے متعدد اہم ٹائٹلز جیتے۔
بعد ازاں2021ء میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد اُنہوں نے 2 سال فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلا جبکہ اس وقت امریکی لیگ میجر لیگ سوکر میں انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
لیونل میسی 8 مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت چکے ہیں اور ارجنٹینا کے لیے 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا، انہیں فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔