سیف علی خان کو بالآخر گھی کی سپلائی مل گئی، صارفین کے دلچسپ تبصرے

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو بالآخر 2 سال تک استعمال کے لیے گھی کی سپلائی مل گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان نے جب امیتابھ بچن کے شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 18 میں شرکت کی تھی تو اس شو کے دوران اداکار سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر وہ دسویں سوال کا درست جواب دیں گے تو انہیں پورے 2 سال تک استعمال کے لیے گھی کی سپلائی دی جائے گی۔

سیف علی خان نے اس پیشکش پر غیر معمولی جوش کا اظہار کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی تھی۔ 

بعد ازاں بھارتی اداکار نے اپنے مختلف انٹرویوز میں بتایا کہ مجھے وعدے کے باوجود گھی نہیں ملا، جس پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ مہم شروع کی۔ 

مداحوں نے ایک آن لائن پٹیشن بھی بنائی اور انسٹاگرام پر’گھی آن سیف سائیڈ‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بھی بنایا، اس اکاؤنٹ کو بنانے کا مقصد بھارتی اداکار کو ان سے کیے گئے وعدے کے مطابق گھی دلوانا تھا۔

اب حال ہی میں سیف علی خان نے انسٹاگرام پر ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے لائیو سیشن کے دوران مداحوں کے سوالات پڑھتے دکھائی دیے۔

اُنہوں نے لائیو سیشن کے دوران واضح کیا کہ میں گھی کے بجائے کسی اور موضوع پر بات کروں گا، اس لیے سب لوگ کچھ دلچسپ سوالات پوچھیں، ابھی اداکار کی بات مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ ان کے پیچھے سے کوئی گھی کا ڈبہ لے کر گزرتے ہوئے نظر آیا۔

یہ منظر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے اندازہ لگایا لیا کہ سیف علی خان کو بالآخر 2 سال کے لیے گھی کی سپلائی مل گئی ہے۔

اداکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور اس پر اداکار کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔