دھمکیاں ملنے کے باوجود امیتابھ مداحوں سے ملنے سامنے آگئے

حال ہی میں موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میلز اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن مداحوں سے ملنے کےلیے گھر سے باہر آگئے۔ 

چند روز قبل ممبئی میئر کے دفتر کو ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن کے بنگلے اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

اس سنگین صورتحال کے پیش نظر ممبئی پولیس نے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ‘جلسہ’ کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔

اتوار کے روز امیتابھ بچن نے روایت برقرار رکھتے ہوئے اپنے صاحبزادے اور اداکار ابھیشیک بچن کے ہمراہ رہائش گاہ کے باہر آ کر مداحوں کا ہاتھ ہلا کر شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ ڈاکٹروں کی سخت ہدایت کے مطابق انہیں آرام کی ضرورت ہے، تاہم اب وہ آہستہ آہستہ معمولات کی طرف واپس آ رہے ہیں۔