لنڈا بازار میں کوئی چیز پسند آ جائے تو اسے خریدنے میں نہیں ہچکچاتی: اسماء عباس

اسماء عباس—فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے نوجوان نسل میں مہنگے برانڈز کے بڑھتے ہوئے شوق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میرا خاندان آج بھی لنڈا بازار سے کپڑے خریدتا ہے۔

اسماء عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے مہنگے برانڈز کی نمائش کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل اپنی چیزوں کو ان کے نام کے بجائے برانڈز سے پہچانتی ہے، لوگ یہ کہنے کے بجائے کہ یہ میرا بیگ ہے، بتاتے ہیں کہ ان کا بیگ کس مخصوص برانڈ کا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برانڈز کے نام کس قدر اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اب تو جرابوں پر بھی نائیکی جیسے برانڈ کا نام نمایاں ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے تاکہ دوسروں کو معلوم ہو سکے کہ وہ کس کمپنی کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس رجحان نے چیزوں کے انتخاب کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنا دیا ہے۔

اسماء عباس نے بتایا کہ میری عادات آج بھی پہلے جیسی ہیں اور میں اتوار بازار سے خریداری کرتی ہوں، میں اپنے بچوں کی تربیت بھی اسی انداز میں کرتی رہی ہوں کہ لباس یا کسی چیز کی اہمیت اس کے مہنگے برانڈ سے نہیں بلکہ اس کے معیار اور پسند سے ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر مجھے بھی لنڈا بازار میں کوئی چیز پسند آ جائے تو میں بھی وہاں سے خریداری کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتی۔