پی ایس ایل 12 کے حوالے سے اہم فیصلے

— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں سیزن 12 کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے۔

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس آن لائن ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا، ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کر سکے گی۔

ڈائریکٹ سائننگ والے کھلاڑی کی پی ایس ایل کے گزشتہ 2 سیزن نہ کھیلنے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔

پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کا انعقاد 23 جنوری کو ہو گا، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے، گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ کراؤڈ کے سامنے ہوا، اسی مومینٹم کو آگے لے کر چلیں گے اور اس بار لیگ کو مزید شہروں تک پھیلایا جائے گا۔