بھارتی اداکارہ جیسمین بھاسن نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں رنگت اور ظاہری شکل پر تنقید کے باعث میں احساسِ کمتری کا شکار تھی، مندر میں اپنی خوبصورتی کے لیے دعائیں مانگتی تھی۔
جیسمین بھاسن نے حال ہی میں جے مدان کی پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ بچپن میں مجھے اکثر یہ سننے کو ملتا تھا کہ میں کالی ہوں، جِلد پر کیل مہاسوں اور دبلی پتلی جسامت کی وجہ سے بھی مجھے مختلف باتیں سننا پڑتی تھیں جس سے میں دلبرداشتہ رہتی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بچپن میں میرے والد مجھے راجستھان میں واقع ایک بیجاسن ماتا مندر لے گئے تھے جہاں میں نے کئی سیڑھیاں چڑھ کر خصوصی طور پر دعا کی کہ خدا مجھے اتنا خوبصورت بنا دے کہ ایک دن لوگ مجھ سے ملنے کی خواہش کریں۔
جیسمین کا کہنا ہے کہ میں اکثر اوقات صرف یہی دعا کرنے مندر جایا کرتی تھی، میں اس وقت بہت معصوم بچی تھی اور میری دعا میں خلوص تھا، اسی لیے مجھے یقین تھا کہ میری خواہش ضرور پوری ہو گی۔
پوڈکاسٹ کے دوران جیسمین بھاسن نے یہ بھی کہا کہ میں تمام مذاہب پر یقین رکھتی ہوں اور سب کا احترام کرتی ہوں۔