پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اسماء عباس نے اپنے والد کی 2 شادیوں سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں اسماء عباس نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے والد کی زندگی سے متعلق بعض ایسے حقائق بیان کیے جو بہت کم لوگوں کے علم میں ہیں۔
اداکارہ نے دورانِ انٹرویو بتایا کہ میرے والد احمد بشیر نے دراصل 2 شادیاں کی تھیں، ان کی پہلی شادی والدین کی پسند سے ایک کزن کے ساتھ ہوئی، تاہم احمد بشیر اس شادی کے خواہش مند نہیں تھے اور نکاح کے بعد اپنے دوست کے گھر چلے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست نے والد کی پہلی اہلیہ سے طلاق کے معاملے میں مدد کی، بعدازاں والد نے ہماری والدہ سے شادی کی، والدین بھی آپس میں رشتے دار تھے، اس طرح ہماری والدہ والد کی دوسری اہلیہ تھیں۔
اسما عباس نے بتایا کہ والد والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔
انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب والدہ کے ہاں پہلی اولاد ادیبہ نیلم بشیر نے جنم لیا تو وہ اپنے میکے چلی گئیں تاہم والد نے بے حد اصرار کیا کہ والدہ فوراً واپس آ جائیں تاہم والدہ نے فوری واپسی سے انکار کر دیا، جس پر والد نے والدہ کو ڈرانے کے لیے طلاق کی دھمکی دی اور جعلی نوٹس تک بھجوا دیا۔
اسماء عباس کے مطابق والدہ طلاق کی دھمکی پر خوف زدہ ہو گئیں اور فوراً اپنے گھر واپس آ گئیں، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ طلاق کا نوٹس جعلی تھا۔
واضح رہے کہ اسماء عباس کا تعلق پاکستان کے ایک باصلاحیت خاندان سے ہے، ان کی بہن بشریٰ انصاری کا شمار ملک کی صفِ اوّل کی فنکاراؤں میں ہوتا ہے، جبکہ ان کی دوسری بہنیں نیلم ادیبہ اور سنبل ادکارہ تھیں۔
اداکارہ سنبل کا انتقال 2021ء میں کورونا وائرس کے باعث ہوا تھا۔
ان کے والد احمد بشیر مشہور ادیب اور صحافی تھے، جنہوں نے پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔