ٹائیگر شروف کی ٹیم نے فائرنگ کے بعد کے جلنے کے نشانات کی ویڈیو شیئر کر دی

فوٹو: سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر ہوئی فائرنگ کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے زخموں اور پٹیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں، جس کے بارے میں اب اداکار کی آفیشل ٹیم نے اس بات کی وضاحت کر دی۔

ٹائیگر شروف کی ٹیم نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں اداکار کے بازو پر بارود کے جلنے کے نشانات اور سیاہ دھبے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حملے کے بعد جب ٹائیگر شروف مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لیے گئے تھے تو ان کے بازو اور کندھے پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں، جس پر مداحوں میں تشویش پائی جا رہی تھی۔

ٹیم کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ فائرنگ کے دوران فضا میں اڑنے والے بارود کی وجہ سے ان کی جلد متاثر ہوئی تھی۔

اس ویڈیو پر اداکار کے والد جیکی شروف، والدہ عائشہ شروف اور بہن کرشنا شروف نے ردِعمل دیتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا۔

ٹائیگر شروف کی ٹیم نے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی اور اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز کے خلاف سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار کی طرف سے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا اور خبروں کے نام پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات سے گریز کیا جائے۔