ٹائیگر شروف پر حملے سے قبل ملزمان نے کتنے اداکاروں کے گھروں کی ریکی کی؟

—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان نے حملے سے قبل کئی ہفتوں تک ممبئی میں معروف اداکاروں کی رہائش گاہوں کی ریکی کی تھی، جبکہ ٹائیگر شروف ان کا بنیادی ہدف بھی نہیں تھے۔

فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ٹائیگر شروف پر حملے سے پہلے امیتابھ بچن، سلمان خان، عامر خان اور اکشے کمار سمیت کئی معروف اداکاروں کے گھروں کی نگرانی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے رکشہ ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کیں اور انہیں بتایا کہ ہم اداکاروں کے گھروں کی تصاویر بنانا چاہتے ہیں، ملزمان ایسے شخص کی تلاش میں تھے جس کی سیکیورٹی نسبتاً کم ہو، اسی لیے وہ مناسب موقع کی تلاش میں معلومات جمع کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹائیگر شروف کے بارے میں اطلاع بھی ایک رکشہ ڈرائیور نے دی، جس نے بتایا کہ اداکار ہر اتوار جوہو کے ایک فٹ بال گراؤنڈ میں آتے ہیں۔

ملزمان پہلی مرتبہ 11 اکتوبر کو وہاں پہنچے، تاہم اس روز ٹائیگر شروف وہاں نہیں آئے، اس کے بعد ملزمان 18 اکتوبر کو دوبارہ آئے اور اس بار ان کے پاس اسلحہ تھا۔

 انہوں نے اداکار کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ٹائیگر شروف کا ڈرائیور اور ایک راہ گیر زخمی ہو گیا۔

فائرنگ کے بعد ملزمان نے دونوں پستول جن میں ایک غیر ملکی ساختہ اور دوسرا مقامی ساختہ تھا، نامعلوم مقام پر پھینک دیے اور ممبئی سے روانہ ہو گئے۔

 پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو غیر ملکی ساختہ پستول کے استعمال کے حوالے سے محدود معلومات حاصل تھیں۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسی عرصے میں ہریانہ سے کچھ دیگر افراد ممبئی آئے، انہوں نے بھی ریکی کی اور واپس چلے گئے۔

20 اکتوبر کو ملزمان سے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ ٹائیگر شروف حملہ آوروں کا اصل ہدف نہیں تھے۔