بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے ملزمان نے اداکار رنبیر کپور کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ کی بھی ریکی کی تھی۔
ممبئی پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا دیگر اداکار بھی ملزمان کے نشانے پر تھے، جبکہ لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ طور پر منسلک اسلحے کی فراہمی کے نیٹ ورک کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے عدالت کو بتایا ہے کہ ٹائیگر شروف پر حملہ مبینہ طور پر بشنوئی گینگ کے ساتھی انیل پنڈت کے کہنے پر کیا گیا، اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے ابتداء میں سلمان خان کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا اور ان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ کی ریکی بھی کی تھی، تاہم گھر کے باہر پولیس اہلکاروں کی موجودگی دیکھ کر مبینہ طور پر منصوبہ ترک کر دیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی پوسٹس کے ذریعے معلوم کیا کہ ٹائیگر شروف ہر اتوار جوہو کے ایک فٹ بال گراؤنڈ میں جاتے ہیں اور وہاں ان کی سیکیورٹی نسبتاً کم ہوتی ہے، جس کے بعد انہیں نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ممبئی کرائم برانچ نے فائرنگ میں ملوث 3 اہم ملزمان ریحان عرف سکّا، رتک کُرمی عرف روشن اور پھول سنگھ کو راجستھان کے شہر کوٹا سے ممبئی منتقل کر کے عدالت میں پیش کیا، عدالت نے تینوں ملزمان کو 31 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
ادھر ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر راج تلک روشن نے بتایا کہ اسلحے کی خریداری اور فراہمی کے مبینہ نیٹ ورک کے سلسلے میں مزید 5 افراد کو ہریانہ اور اتر پردیش سے حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 2 ملزمان اسلحہ حاصل کرنے کے لیے امرتسر گئے تھے، جبکہ 2 خواتین مبینہ طور پر ٹرین کے ذریعے اسلحہ ممبئی لے کر آئیں اور حملہ آوروں کے حوالے کیا، ایک اور ملزم نے ممبئی میں رہ کر حملہ آوروں کو مقامی سہولت اور دیگر معاونت فراہم کی۔