بھارتی گلوکار، اداکار اور گیت نگار پلاش سین نے الزام عائد کیا ہے کہ سلمان خان بھی بالی ووڈ میں منفی تشہیر کے کلچر کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے بگ باس 20 میں سلمان خان کی جانب سے اس معاملے پر کیے گئے تبصروں پر بھی گفتگو کی۔
بگ باس 20 کے ایک ویک اینڈ کا وار ایپی سوڈ کے دوران سلمان خان نے فلموں کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد اداکاروں کے خلاف سخت تبصرے کرنے والے ٹرولز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے ان الزامات پر بھی بات کی تھی کہ بعض اداکار اپنے ساتھی فنکاروں کے خلاف منفی تشہیری مہم چلانے کے لیے پیسے خرچ کرتے ہیں۔
پلاش سین نے ایک انٹرویو میں اس معاملے پر گفتگو کرتے الزام عائد کیا کہ سلمان خان خود بھی اس مسئلے کا حصہ رہے ہیں۔ انھوں نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک معروف اداکارہ کی فلم کے ٹریلر کو لائیکس کے مقابلے میں زیادہ ڈس لائیکس ملے تھے، جس کے بعد یوٹیوب نے ڈس لائیک کا فیچر ہی بند کر دیا تھا، یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ لوگوں کے یہ ردعمل حقیقی تھے یا اس کے لیے پیسے خرچ کیے گئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ سلمان اس سلسلے کو شروع کرنے والوں میں شامل رہے ہیں۔ ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ مسائل کبھی درجہ بندی کے نچلے حصے سے پیدا نہیں ہوتے، بلکہ ان کا آغاز اوپر سے ہوتا ہے۔
61 سالہ پلاش سین نے کہا میں کسی پر انگلی نہیں اٹھا رہا، لیکن اگر آپ تلوار کے سہارے زندگی گزارتے ہیں تو ایک دن اسی تلوار سے آپ کی جان بھی جا سکتی ہے۔ فلم انڈسٹری میں جن لوگوں نے کئی کئی سال تک اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، ظاہر ہے کہ انہوں نے پی آر کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہوگا۔
ویک اینڈ کا وار کی ایک قسط میں سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے کلچر کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کترینہ کیف کا بھی دفاع کیا تھا، جنہیں بچے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے پر آن لائن تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سلمان خان نے فلم انڈسٹری اور میڈیا کے بعض حلقوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
جہاں تک پلاش سین کا تعلق ہے تو انھوں نے موسیقی کو پیشہ ورانہ طور پر اپنانے سے پہلے میڈیکل کی تعلیم حاصل کی تھی۔ 1998 میں معروف میوزک بینڈ یوفوریا کی بنیاد رکھی۔ انھوں نے فلموں میں بھی اداکاری کی اور 2002 کی فلم فی الحال میں کام کیا جس میں تبو اور سشمیتا سین نے بھی شامل تھیں۔