برطانیہ میں طوفان آسٹن سے متعلق انتباہ، شدید ہواؤں، بارشوں کا خدشہ

برطانیہ میں رواں سیزن کے پہلے نامزد طوفان ’آسٹن‘ کی آمد متوقع ہے، جس کے باعث جنوبی انگلینڈ، جنوب مغربی علاقوں اور جنوبی ویلز میں شدید ہواؤں اور بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعے کے روز کے لیے زرد موسمی انتباہ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ ہواؤں کی رفتار 50 سے 60 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ کھلے ساحلی علاقوں میں جھکڑ 70 میل فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتے ہیں۔

طوفان جمعرات کو برطانیہ کے جنوب مغرب کے قریب پہنچنے اور جمعے کو مغرب سے مشرق کی جانب بڑھنے کا امکان ہے، پیشگوئی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 20 سے 30 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

جمعے کے آخر میں ہواؤں کی شدت کم ہونے کی توقع ہے، تاہم ہفتے کے آخر اور آئندہ ہفتے کے آغاز میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ موسم کی تازہ ترین پیشگوئی اور سرکاری تنبیہات پر نظر رکھیں جبکہ خراب موسم کے دوران سفر سے پہلے سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کی صورتِ حال معلوم کریں۔