برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹس میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث صحت کے نظام پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ میں ستمبر 2026ء کے دوران ایمرجنسی ڈپارٹمنٹس میں تقریباً 24 لاکھ 40 ہزار مریض آئے۔
جو ستمبر کے مہینے کے لیے اب تک کی بلند ترین تعداد ہے، اسی دوران ایمبولینس سروسز کو بھی ریکارڈ تعداد میں واقعات سے نمٹنا پڑا۔
حکام کے مطابق سردیوں کے موسم کی آمد کے ساتھ فلو اور سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ سے اسپتالوں پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے، مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث طبی عملے، اسپتالوں میں بستروں کی دستیابی اور بروقت علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا ایک اہم چیلنج بن گیا ہے۔
حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی طبی ضرورت کے مطابق مناسب این ایچ ایس سے رجوع کریں، معمولی بیماریوں اور غیر ہنگامی طبی مسائل کے لیے جی پی، مقامی فارماسسٹ یا این ایچ ایس 111 سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ فوری طبی مشورے کے لیے بھی آن لائن سروس بھی دستیاب ہے۔
حکومت نے ایمرجنسی اور فوری طبی سہولیات پر دباؤ کم کرنے کے لیے تقریباً 140 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے۔
اس منصوبے میں نئے ارجنٹ ٹریٹمنٹ سینٹرز، ایمبولینسوں اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹس کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ جان لیوا بیماری، شدید چوٹ یا کسی سنگین ہنگامی صورتِ حال میں عوام طبی امداد لینے میں تاخیر نہ کریں اور فوری طور پر 999 پر رابطہ کریں۔