پرفارمنس کے دوران دلیر مہندی سے بدتمیزی، میکا سنگھ اور بادشاہ انکی حمایت میں سامنے آگئے

تصویر سوشل میڈیا۔

بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں ایک ثقافتی تقریب کے دوران پرفارمنس شدید تنازع کا شکار ہوگئی، جس کے بعد میکا سنگھ، بادشاہ اور دیگر فنکاروں نے ان کے دفاع میں سامنے آگئے۔

کئی مقبول گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے دلیر مہندی اتوار کی شب اتراکھنڈ کے علاقے میں پرفارم کر رہے تھے کہ اس دوران ریاستی کابینہ کے وزیر اور نریندر نگر سے رکن اسمبلی سبودھ انیال نے ان کی پرفارمنس پر ناراضی کا اظہار کیا۔ 

وہ اسٹیج پر پہنچے، پرفارمنس رکوائی اور الزام عائد کیا کہ گلوکار نشے میں ہیں۔ تاہم ان الزامات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دلیر مہندی اس وقت الجھن کا شکار دکھائی دیے جب ریاستی وزیر ان پر چیخ رہے تھے۔

اب دلیر مہندی کے بھائی گلوکار میکا سنگھ اور دیگر فنکار ان کی حمایت میں سامنے آئے اور ان جیسے سینئر فنکار کی سرعام تذلیل پر تنقید کی ہے۔ 

میکا سنگھ نے منگل کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی انہیں کبھی دلیر مہندی جن کی عمر 59 برس ہے کو شراب پیتے ہوئے دکھا دے تو وہ گلوکاری چھوڑ دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے بڑے بھائی دلیر مہندی کے بارے میں خبریں دیکھیں۔ آپ لوگ یہ بات پھیلا رہے ہیں کہ دلیر مہندی گاتے ہوئے نشے میں تھے اور گانا نہیں گا پا رہے تھے۔ میں آپ سب سے پہلے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ گزشتہ 30 برس سے سپر اسٹار ہیں۔ کیا آپ نے کبھی ان کے ہاتھ میں شراب کا گلاس دیکھا ہے؟ 

کیا ان کی سالگرہ کی تقریبات میں مے نوشی دیکھی ہے؟ میں ان کے بارے میں بات کر رہا ہوں، اپنے بارے میں نہیں۔ آپ میرے بارے میں جو چاہیں بکواس کرسکتے ہیں، لیکن ان کے بارے میں نہیں۔ جب آپ نے کچھ دیکھا ہی نہیں تو آپ نے کیسے کہہ دیا کہ وہ کھڑے بھی نہیں ہو پا رہے تھے؟ 

ہم فنکار کئی مرتبہ کسی کے کہنے پر پروگرام کے لیے ہاں کر دیتے ہیں۔ اگر ہمیں 104 بخار بھی ہو تو اس سے فرق نہیں پڑتا۔ اگر میں بیمار ہوں اور پرسوں میرا پروگرام ہے، جس کا میں پہلے ہی وعدہ کرچکا ہوں، تو بجٹ بڑا ہو یا چھوٹا میں پرفارم کرنے ضرور جاؤں گا، میرے بھائی کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ ہوا ہوگا۔

انہوں نے کہا اگر وہ گانے کے قابل نہیں تھے تو ممکن ہے ان کی طبیعت خراب ہو، کیونکہ حال ہی میں ان کی ایک بڑی سرجری ہوئی ہے۔ بھائی نے مجھ سے اس بارے میں بات نہ کرنے کو کہا تھا لیکن ان کا بھائی اور مداح ہونے کی حیثیت سے مجھے سچ بتانے کا حق حاصل ہے۔

کامیڈین کپل شرما نے میکا سنگھ کی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دلیر مہندی حال ہی میں ایک سنگین نوعیت کی سرجری سے گزرے ہیں۔ جس کے بارے میں لوگوں کو معلوم نہیں۔ ہمیں صرف دوسروں کے ساتھ زیادہ مہربانی سے پیش آنے کی ضرورت ہے۔

بادشاہ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کسی فنکار کی سرعام تذلیل کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ دلیر مہندی ایک لیجنڈ ہیں، ایسے فنکار کی سرعام تذلیل کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ 

گلوکارہ ہرشدیپ کور نے بھی یہ پوسٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی اور دلیر مہندی کو ایک لیجنڈ قرار دیا اور کہا کہ اس دن یقیناً ان کی طبیعت خراب تھی ورنہ جب وہ اسٹیج پر ہوتے ہیں تو صرف گاتے نہیں بلکہ دھاڑتے ہیں۔