بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے پلیئر سنجو سیمسن نے رجنی کانت کی فلم جیلر 2 کے لیے پورا سنیما بک کروا لیا۔ انکا کہنا ہے کہ ٹیم کے تمام افراد جو تامل جانتے ہیں فلم دیکھنے آئیں گے۔
ہدایتکار نیلسن دلیپ کمار کی اس فلم کی پہلی اسکریننگ کے موقع پر سنجو مصروفیت کے باعث اسے دیکھ نہیں پائے تھے۔
سنجو سیمسن میدان کرکٹ میں جہاں مداحوں کے دل میں بستے ہیں، وہیں اداکار رجنی کانت انکے فیورٹ ہیں۔ جنکی نئی فلم جیلر 2 دیکھنے کے لیے انھوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ فلم سے لطف اندوز ہونے کے لیے پورا سنیما ہی بک کروا لیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں سنجو سیمسن نے ساؤتھ کے سپر اسٹار رجنی کانت کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا وہ ہمیشہ سے سینئر اداکار کی اگلی فلم کا انتظار کرتے ہیں۔
فلم دیکھنے کے اپنے منصوبے کے بارے میں سنجو کا کہنا تھا کہ مجھے رجنی کانت کی فلمیں دیکھنا بہت پسند ہے، میں ان کی زیادہ سے زیادہ فلمیں دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ گزشتہ روز دہلی میں ایک پروگرام تھا، اسی وجہ سے میں فلم نہیں دیکھ سکا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے عزیزوں کے لیے خصوصی شو کا انتظام کیا ہے لیکن آج خوش قسمتی سے مجھے پورا سنیما بک کروانے کا موقع مل گیا، میں نے اپنے دوستوں کو مدعو کیا ہے اور میری اہلیہ بھی یہاں موجود ہیں۔ میں رجنی کانت کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ ٹیم اور معاون عملے کے وہ تمام افراد جو تامل زبان جانتے ہیں، فلم دیکھنے آ رہے ہیں۔
جیلر 2 رجنی کانت کی 2023 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم جیلر کا سیکوئیل ہے۔ جس میں رجنی کانت ایک بار پھر ٹائیگر متھوویل پانڈین کے کردار میں ہیں، جو ایک ریٹائرڈ قانون نافذ کرنے والے افسر ہیں۔
فلم میں رامیا کرشنن، یوگی بابو، میرنا اور ریتھوک بھی اپنے سابقہ کرداروں میں واپس آئے ہیں، جبکہ ایس جے سوریا، متھن چکرورتی، سورج وینجاراموڈو، ودیا بالن اور دیگر بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔