بھارتی گلوکار، ریپر، موسیقار و اداکار امرِک سنگھ المعروف میکا سنگھ نے معروف بھارتی اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حکومت سے ممبئی کے شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ممبئی کے علاقے جوہو میں تین نامعلوم افراد نے ٹائیگر شروف پر فائرنگ کی، انھیں تو گولی نہیں لگی، تاہم اس واقعے میں ان کا ڈرائیور اور ایک راہ گیر زخمی ہوگئے۔
بعد ازاں گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھی انیل پنڈت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی اور اس حملے کو سلمان خان کے ساتھ ٹائیگر شروف کی وابستگی سے جوڑا۔
گلوکار میکا سنگھ نے ٹائیگر شروف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے پر سخت کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
میکا سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ممبئی میں ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے پر کہا جب میں 2000 کی دہائی کے آغاز میں ممبئی آیا تو میرا خیال تھا کہ یہ دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ٹائیگر کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آنا، خصوصاً تہواروں کے موقع پر انتہائی افسوس ناک ہے۔ میرے خیال میں حکومت کو سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ آج ٹائیگر کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، کل کسی اور کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
انھوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا: ممبئی کو ہمیشہ بھارت کے محفوظ ترین شہروں میں شمار کیا جاتا رہا ہے، جہاں لوگوں، خصوصاً خواتین، کو رات گئے بھی پیدل چلنے، کام کرنے اور سفر کرنے میں تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔ لیکن ٹائیگر شروف کے واقعے نے ہماری حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔
میکا سنگھ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ہر شہری کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔