دوسرے فنکار مجھ سے نجی زندگی کو نجی رکھنا سیکھیں: مہوش حیات

مہوش حیات—فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکارہ مہوش حیات نے اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی وجہ بتاتے ہویے دیگر فنکاروں کو بھی سوشل میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ نجی زندگی کو محدود انداز میں شیئر کرنا غیر ضروری تنازعات سے بچنے کا ایک طریقہ بھی ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔

موجودہ دور میں سوشل میڈیا فنکاروں کے لیے ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے، فنکار سوشل میڈیا پر خاصے متحرک رہتے ہیں اور اپنی نجی زندگی کے مختلف پہلو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، تاہم مہوش حیات نے بڑی حد تک اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھا ہے۔

اب انہوں نے نوجوان فنکاروں کو بھی اس حوالے سے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پوسٹس کرنے کا کبھی شوق نہیں رہا اور میں اپنی نجی زندگی کو نجی ہی رکھنا پسند کرتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ دوسرے فنکار بھی میرے اس طرزِ عمل سے سیکھ سکتے ہیں۔

ان کے مطابق ایک فنکار کی شخصیت میں وقار اور تجسس کا عنصر برقرار رہنا چاہیے، اس لیے انسٹاگرام پر اپنی زندگی کے ہر پہلو کو ضرورت سے زیادہ شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

مہوش حیات نے مشورہ دیا کہ زندگی کے کچھ معاملات اپنے تک محدود رکھیں اور روزمرہ پیش آنے والی ہر بات سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں۔