ہنگری میں پاکستان کے پہلے رائس فیسٹیول کا انعقاد

پاکستانی باسمتی چاول کو یورپی منڈی میں متعارف کرانے اور پاکستانی غذائی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر کے سلسلے میں ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں پاکستان کے پہلے رائس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ 

پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں ہنگری کے فوڈ اور زرعی شعبوں سے وابستہ درآمد کنندگان، ممتاز کاروباری شخصیات، معروف ماسٹر شیفس مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا بنیادی مقصد پاکستانی باسمتی چاول کے معیار، منفرد خوشبو، ذائقے اور برآمدی صلاحیتوں کو ہنگری کی منڈی میں متعارف کرانا اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کرنا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان آصف حسین میمن نے پاکستانی باسمتی چاول کے تاریخی پس منظر اس کی تجارتی اہمیت اور عالمی منڈی میں برآمدات کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ 

انہوں نے باسمتی چاول کے جغرافیائی شناخت کے تحت تحفظ کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا، جو اس کی شناخت اور معیار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی باسمتی چاول کے علاوہ ہمالین پنک سالٹ سمیت پاکستان کی دیگر غذائی مصنوعات بھی نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ شرکاء کو ان مصنوعات کا ذائقہ چکھنے کا موقع فراہم کیا گیا تاکہ وہ پاکستانی مصنوعات کے معیار اور خصوصیات سے براہِ راست آگاہ ہو سکیں۔