پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان 19 اکتوبر سے ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف سوئی ناردن گیس کی قیادت کریں گے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا یہ 4 روزہ میچ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سوئی ناردن گیس کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اوسامہ شیرون نیازی کی جانب سے انہیں اس بارے میں باقاعدہ ای میل موصول ہو چکی ہے۔
34 سالہ محمد رضوان ان 7 کھلاڑیوں میں شامل تھے، جنہیں اگست 2026ء میں لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ 194 رنز سے ہارنے کے بعد پی سی بی نے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلا لیا تھا۔
بعدازاں وکٹ کیپر کو این سی سی آئی اے میں طلب کیا گیا، جہاں ان کے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے لئے 47 ٹیسٹ 103 ون ڈے اور 106 ٹیسٹ کھیلنے والے محمد رضوان اور بورڈ کے مابین معاملات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ محمد رضوان خود بھی کسی مزید معاذ آرائی کے بجائے اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کے خواہش مند ہیں اور انہوں نے اس سے متعلق بورڈ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت بھی مانگی تھی۔