پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے، ہیری بروک

انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا، پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران ہیری بروک نے کہا کہ  ٹرائی سیریز میں 2 بہترین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشنز اور یہاں کے کھلاڑیوں کو جانتا ہوں، پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکا ہوں، یہاں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے۔

انگلش ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے مجھے زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے، ہم ایسی ٹیم بننا چاہتے ہیں جو کسی بھی ہدف کا تعاقب کر سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے لیے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں،ہماری ٹیم زیادہ تجربہ کار نہیں، چند کھلاڑیوں نے ہی 50 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔

ہیری بروک نے یہ بھی کہا کہ میں بیٹر ہوں، مجھے ایسی پچز پسند ہیں جہاں زیادہ رنز بن سکیں، تماشائی بھی ایسی پچز پسند کرتے ہیں جہاں چوکے اور چھکے لگیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا، میں نے 22 سال کی عمر میں پی ایس ایل کھیلی تھی، جس کی بدولت مجھے انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت مدد ملی۔