بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ بھارت چھوڑنے کے نوٹس پر عامر کے بھانجے اداکار عمران خان کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
بالی ووڈ اداکار عمران خان کے خلاف ممبئی پولیس کی جانب سے ملک چھوڑنے کے نوٹس جاری کیے جانے کے بعد شوبز انڈسٹری اور عمران کے قریبی رشتہ داروں کی طرف سے شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
عامر خان کی سابقہ اہلیہ اور فلم ساز کرن راؤ نے عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا، ’عمران کئی دہائیوں سے بھارت میں رہ رہے ہیں، یہیں کام کر رہے ہیں اور بالی ووڈ کا اہم حصہ ہیں۔ احتجاج میں ان کی خاموش شرکت پر اتنا سخت قدم اٹھانا بالکل غلط ہے۔‘
دوسری جانب حکام نے موقف اپنایا ہے کہ امریکی پاسپورٹ اور او سی آئی کارڈ رکھنے والے غیر ملکی شہری بھارت میں کسی بھی قسم کے سیاسی یا عوامی احتجاج میں حصہ نہیں لے سکتے، اسی بنیاد پر انہیں 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔
اس قانونی کارروائی اور پولیس نوٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عمران خان کی قانونی ٹیم نے بمبئی ہائی کورٹ میں اس کے خلاف آئینی درخواست دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔