بھارتی ٹینس کی سابق چیمپئن ثانیہ مرزا اور بالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر اور فلمساز فرح خان کی دوستی دوسروں کے لیے ایک مثال ہے۔ بے تکلف گفتگو سے لے کر ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی مذاق تک، دونوں کے درمیان بہنوں جیسا بے مثال رشتہ ہے۔
اب ان کی دوستی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جب ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا کہ فرح خان نے ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش کے وقت ہی وعدہ کیا تھا کہ جب وہ بڑا ہوگا تو اسے بالی ووڈ میں متعارف کرائیں گی۔
حال ہی میں نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے ٹاک شو ڈبل ڈیٹ میں گفتگو کے دوران ثانیہ نے بتایا کہ تقریباً آٹھ سال قبل فرح خان نے اذہان کے نام پر انہیں سائننگ اماؤنٹ کے طور پر 100 روپے دیے تھے۔
ثانیہ نے بتایا کہ انہوں نے اس خاص لمحے کی یادگار کے طور پر وہ نوٹ سنبھال کر رکھ لیا تھا۔ یہ پہلا موقع نہیں جب ثانیہ نے اپنے بیٹے کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے کے حوالے سے فرح کے وعدے کا ذکر کیا۔ فروری 2025 میں بھی اپنے بیٹے کے ساتھ فرح خان کے یوٹیوب کوکنگ وی لاگ میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے یہ واقعہ سنایا تھا۔
اس موقع پر چیونگ گم چباتے ہوئے اذہان نے فرح کو چھیڑتے ہوئے اشارہ کیا کہ وہ ان کے صوفے پر چیونگ گم چپکا دے گا۔ جس پر فرح نے جواب میں کہا یہ مت بھولنا کہ میں تمہیں لانچ کرنے والی ہوں۔ تم میرے ہیرو بنو گے۔ ثانیہ مرزا اور ان کے سابق شوہر شعیب ملک کے ہاں 2018 میں بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی تھی۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں ثانیہ نے ماں بننے کے تجربے پر کہا تھا کہ اس نے مجھے ایسی بے لوث محبت دی ہے جس کی کوئی مثال نہیں۔ اسے پالنے کے بجائے، اس نے مجھے ماں بننے کا ہنر سکھایا اور مجھے ایک بہتر انسان بنایا ہے۔
ثانیہ اپنے بیٹے کی کھیلوں میں دلچسپی کے بارے میں بھی بتا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اذہان کو فٹ بال، ٹینس کھیلنا اور تیراکی کرنا پسند ہے۔ وہ ڈرم بھی بجاتا ہے۔ مجھے اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ مستقبل میں کیا کرتا ہے، بس وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہو، خوش رہے اور اپنی پوری کوشش کرے۔
ثانیہ نے کہا میں اسے اپنی پسند کا شعبہ منتخب کرنے کی مکمل آزادی دوں گی، کیونکہ میری پرورش بھی اسی انداز میں ہوئی ہے اور میں اذہان کی پرورش بھی اسی طرح کرنا چاہتی ہوں۔