100 سال کی بدترین خشک سالی کا اعلان، 6 کاؤنٹیز شدید متاثر

—فوٹو بشکریہ دی نیوز انٹرنیشنل

برطانوی حکومت نے جنوبی اور جنوب مغربی انگلینڈ کی 6 کاؤنٹیز کے بعض علاقوں میں پانی کی شدید قلت کے باعث خشک سالی کا اعلان کر دیا۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اپریل سے ستمبر تک ان علاقوں میں گزشتہ 100 سال سے زائد عرصے کی کم ترین بارش ہوئی جو اوسط سے 40 فیصد کم تھی۔

خشک سالی کے باعث آرڈنگلی کے آبی ذخیرے میں پانی کی سطح 19 فیصد جبکہ ومبل بال ذخیرے میں صرف 16 فیصد رہ گئی، حالانکہ اس موسم میں پانی کی سطح عموماً 75 فیصد ہوتی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ڈیون، کارنوال، ڈورسیٹ، سمرسیٹ، ایسٹ سسیکس اور ویسٹ سسیکس شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پانی فراہم کرنے والی 3 کمپنیوں نے گالف کلبوں، نجی اسکولوں اور دیگر کاروباری اداروں کے غیر ضروری پانی کے استعمال پر پابندی لگانے کی اجازت طلب کی ہے۔

برطانوی حکام نے پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات تیز کر دیے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں پانی کے استعمال پر عارضی پابندیاں بھی نافذ کردی گئی ہیں۔