مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

—فائل فوٹو

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 41 سینٹ یعنی 0.39 فیصد کمی کے بعد 105 ڈالرز 51 سینٹ فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 54 سینٹ یعنی 0.55 فیصد کمی کے بعد 97 ڈالرز 43 سینٹ فی بیرل پر آ گئی۔

تیل کی قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے سپلائی کے دباؤ میں کمی لانے کے لیے مارچ میں مختص ہنگامی ذخائر سے 2 کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور باقی ماندہ تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ تیل کی ترسیل کے اخراجات کم کرنے کے لیے ان بعض بحری جہازوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے جو روس، ایران اور وینزویلا سمیت مختلف ممالک سے تیل منتقل کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر دوبارہ حملوں اور سعودی عرب و یمن کے حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی لڑائی کے باعث خطے میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔