گلاسگو، مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے زیر اہتمام چالیسویں سالانہ کانفرنس کا انعقاد

مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے زیر اہتمام چالیسویں سالانہ کانفرنس گلاسگو کی الفاروق مسجد میں منعقد ہوئی، جس میں برطانیہ بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس کے موقع پر حرمین شریفین کے تحفظ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال اور عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔ 

اس موقع پر سینیٹر حافظ عبدالکریم، ڈاکٹر زوہیب حسن، عبدالہادی العمری، حافظ معتصم علی ظہیر، مولانا ادریس مدنی، مولانا حبیب الرحمن، مولانا شفیق الرحمن اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمینِ حجاز امتِ مسلمہ کے اتحاد، عقیدت اور روحانی مرکز کی حیثیت رکھتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب اور حرمین شریفین کو نشانہ بنانے کی کوشش انتہائی قابلِ مذمت، مکروہ اور بزدلانہ اقدام ہے۔

مقررین نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ کسی ایک ملک کی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ سعودی عرب کا امن پورے عالمِ اسلام کے امن سے وابستہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومتِ سعودی عرب حجاج کرام، معتمرین اور مسجد نبویؐ کے زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت اللّٰہ کی حرمت اور مسجد نبویؐ کا ادب و احترام ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم، دہشت گردی اور بے گناہ شہریوں کے قتلِ عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبلۂ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی امتِ مسلمہ کے ایمان اور اجتماعی ذمہ داری کا اہم تقاضا ہے۔