ہانیہ عامر کو میں نے متعارف کرایا: حریم فاروق

—فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ اور فلم ساز حریم فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے ہانیہ عامر کو پہلا موقع دیا تھا۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے حریم فاروق سے پوچھا کہ کیا آپ نے ہانیہ عامر کو متعارف کرایا تھا؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ بالکل، میں نے ہی انہیں متعارف کرایا تھا۔

حریم فاروق نے کہا ہے کہ لوگ اکثر مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا میں پہلی مرتبہ فلم پروڈیوس کر رہی ہوں، لیکن ایسا نہیں ہے۔

 انہوں نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہانیہ کو بلندیوں تک پہنچنا تھا، میں نے انہیں ابتداء ہی میں پہچان لیا تھا۔

واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے 2016ء میں کامیڈی فلم ’جاناں‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، اس وقت وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں۔

حریم فاروق اس فلم کی شریک پروڈیوسر تھیں اور انہوں نے اس میں مختصر کردار بھی ادا کیا تھا، ہانیہ عامر کالج کے زمانے میں اپنی ڈب میش ویڈیوز کے باعث بھی مقبول ہوئی تھیں۔

فلم ’جاناں‘ میں اداکاری پر ہانیہ عامر کو بہترین معاون اداکارہ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی، بعد ازاں انہوں نے ’نامعلوم افراد 2‘، ’پھر وہی محبت‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ سمیت متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔

ڈرامہ ’میرے ہمسفر‘ میں فرحان سعید کے ساتھ ان کی اداکاری کو خاصی مقبولیت ملی، جبکہ 2025ء میں وہ بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ میں بھی نظر آئیں۔