عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، سعودی عرب کو تیل کی سپلائی کے خطرات اور روس سے ڈیزل کی ممکنہ اضافی فراہمی پر سرمایہ کاروں کی نظریں مرکوز ہیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 89 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد اضافے کے بعد 106 ڈالرز 58 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 80 سینٹ، یعنی 0.9 فیصد بڑھ کر 94 ڈالرز 94 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔
منگل کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان لڑائی کے باعث تیل کی سپلائی کو لاحق خطرات اور روس سے ڈیزل کی اضافی فراہمی کے امکانات نے قیمتوں پر اثر ڈالا ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق حوثیوں نے شہر ظہران میں سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی۔