بالی ووڈ اداکار رنویر شورے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ اداکار اور سابق وی جے رنویر شورے کو کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج پر تنقید کرنے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔

اداکار نے دھمکی آمیز ای میلز کے اسکرین شاٹس ایکس پر شیئر کیے اور سائبر پولیس اور ممبئی پولیس سے رابطہ کیا۔

ایک ای میل میں دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی اور دعویٰ کیا کہ وہ شورے کے ٹھکانوں اور نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ای میل میں یہ تنبیہ بھی کی گئی کہ مناسب وقت آنے پر اداکار پر حملہ کیا جائے گا۔

دھمکیاں ملنے کے بعد، شورے نے سائبر دوست اور مہاراشٹر سائبر کو ٹیگ کیا اور معاملے کی جانچ کرنے کا کہا۔

ممبئی پولیس نے ان کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے ان سے براہ راست پیغام کے ذریعے اپنے رابطے کی تفصیلات شیئر کرنے کو کہا۔ پولیس نے لکھا کہ ہم نے آپ کو فالو کر لیا ہے۔ براہ کرم ڈی ایم میں اپنے رابطے کی تفصیلات شیئر کریں۔

شورے نے فوری ردعمل پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور باضابطہ شکایت بھی درج کروائی۔

یہ دھمکیاں شورے کی جانب سے ایکس پر سی جے پی کے احتجاج پر تنقید کرنے کے بعد دی گئیں۔ انہوں نے سڑکوں پر اترنے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مطالبات اٹھانے کے لیے پارلیمنٹ، انتخابات اور عدالتوں کا استعمال کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور بیلٹ میں اپنی طاقت دکھاؤ، سڑکوں پر نہیں! اور اگر ان کا راستہ ناانصافی پر مبنی معلوم ہو تو عدالتوں کو دکھاؤ!