جب مادھوری ڈکشٹ کے شوہر شادی میں شاہ رخ و سلمان خان کو نہ پہچان سکے

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ میں اپنی شادی کے موقع پر شاہ رخ خان اور سلمان خان کو نہیں پہچان سکا تھا۔

59 سالہ ڈاکٹر شری رام نینے پیشے کے اعتبار سے ماہرِ امراضِ قلب ہیں، انہوں نے 1999ء میں مادھوری ڈکشٹ سے شادی کی تھی، حال ہی میں فلم ساز فرح خان نے مادھوری کے گھر کا دورہ کیا، جہاں گفتگو کے دوران دلچسپ انکشافات سامنے آئے۔

فرح خان نے مادھوری سے سوال کیا کہ کیا یہ حقیقت ہے کہ شادی کے وقت آپ کے شوہر کو معلوم نہیں تھا کہ آپ کون ہیں؟

مادھوری ڈکشٹ نے جواب دیا کہ میرے شوہر کو صرف اتنا بتایا گیا تھا کہ میں ایک مشہور اداکارہ ہوں اور فلموں میں کام کرتی ہوں، تاہم انہیں میری شہرت اور مقبولیت کا مکمل اندازہ نہیں تھا۔

گفتگو کے دوران فرح خان نے حیرت کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر شری رام نینے اپنی شادی میں شرکت کرنے والے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی نہیں پہچان سکے تھے۔

اس پر ڈاکٹر نینے نے بتایا کہ مجھے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ میں کسی ایسے بڑے فلم اسٹار کی شادی میں موجود ہوں جہاں اتنی مشہور شخصیات شریک ہوں گی، شادی کے دوران میں سب کو خوش آمدید کہتا رہا، لیکن بعد میں جب شادی کی تصاویر دیکھیں تو مجھے بیشتر لوگوں کی شناخت معلوم نہیں تھی۔

ڈاکٹر شری رام نینے کے مطابق میں صرف امیتابھ بچن کو پہچانتا تھا کیونکہ میں نے ان کی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ دیکھی تھی۔

واضح رہے کہ مادھوری ڈکشٹ اور ڈاکٹر شری رام نینے نے 1999ء میں شادی کے بعد امریکا میں اپنی زندگی کا آغاز کیا تھا، جوڑے کے 2 بیٹے آرین اور ریان ہیں۔