خواتین زندگی مثالی شریکِ حیات کے انتظار میں نہیں گزاریں: درفشاں سلیم

—فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم نے خواتین کو مالی خود مختاری اور خود انحصاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنی زندگی کسی مثالی شریکِ حیات کے انتظار میں نہیں گزارنی چاہیے۔

درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خواتین کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی طاقت خود بنیں اور محبت کے لیے دل کے دروازے بھی کھلے رکھیں۔

اداکارہ نے لکھا ہے کہ خواتین خود اپنی روشنی بنیں، صحیح شخص خود آپ تک پہنچ جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ خواتین مالی طور پر خود مختار بنیں اور اپنی زندگی اس اُمید پر نہ گزاریں کہ ایک دن آپ کو مثالی شریکِ حیات مل جائے گا، محبت خوبصورت ہے، لیکن اپنے پیروں پر خود کھڑے ہونے کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔

درفشاں سلیم نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ محبت بھرا رشتہ زندگی کو خوبصورت بنا سکتا ہے، تاہم خواتین کا مستقبل اور تحفظ مکمل طور پر کسی دوسرے شخص پر منحصر نہیں ہونا چاہیے، انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے، اپنے مقاصد حاصل کرنے اور ایک محفوظ و خود مختار مستقبل کی تعمیر پر توجہ دینی چاہیے۔